مشترکہ مفادات کونسل اجلاس، مردم شماری ایجنڈا میں نہ ہونے پر سندھ حکومت احتجاج کرے گی

کراچی(سٹاف رپورٹر)چھٹی مردم شماری کے معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہ کیے جانے کے خلاف حکومت سندھ نے وزیراعظم سے احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے، پیپلزپارٹی نے سی سی آئی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر بھی مشاورت شروع کردی ہے، حکومت سندھ نے 29فروری مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں شرکت یا عدم شرکت کے معاملے پر پارٹی قیادت سے رائے طلب کرلی ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کا نو نکاتی ایجنڈا سندھ حکومت کوموصول ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ایجنڈا میں مردم شماری کا معاملہ شامل نہ کیے جانے پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھنے اور ایجنڈا میں مردم شماری کا معاملہ شامل کرانے کے لیے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے بتایا کہ مردم شماری سندھ کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مارچ میں چھٹی مردم شماری شیڈول کے مطابق ہونی چاہیے اس کے التوا کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اتنے اہم مسئلہ کو ایجنڈا میں شامل نہ کرکے وفاق نے زیادتی کی ہے۔