ہائر ایجوکیشن کمشن کی رینکنگ 2015ء جاری‘ قائداعظم یونیورسٹی پہلے نمبر پر رہی

اسلام آباد (این این آئی)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات کی 2015 کی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ رینکنگ کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی ہمیشہ کی طرح سرفہرست رہی ہے۔ دوسرے نمبر پر پنجاب جبکہ تیسرے پر نسٹ ہے۔
زرعی یونیورسٹی زراعت میں ٹاپ پر ہے۔بزنس میں اقرا یونیورسٹی ٹاپ پر، آرٹس میں این سی اے لاہور پہلی پوزیشن پر اور میڈیکل میں آغا خان یونیورسٹی ٹاپ پرآگئی ۔ انجینئرنگ میں نسٹ پہلے نمبر پر ہے ٗ جنرل کیٹگری میں قائداعظم یونیورسٹی ٹاپ پر ہے۔رینکنگ مختلف کیٹگریز کے تحت کی گئی۔ ان کیٹگریز میں مجموعی طور پر دس جامعات کو سرفہرست قرار دیا گیا۔ جن میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، پنجاب یونیورسٹی لاہور، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، آغا خان یونیورسٹی، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفامیشن ٹیکنالوجی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈسائنسز ، جامعہ کراچی، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اور یونیورسٹی آف ویٹرینری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب ڈاکٹر مختار احمد نے صحافیوں کو رینکنگ کے مقاصد اور طریقہء کار کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس رینکنگ میں 129 جامعات کی کارکردگی پر نظر ڈالی گئی اور سکورنگ کے عمل کے لئے 66کسوٹیوں پر جامعات کوپرکھا گیا۔