جبری گمشدگیاں روکنے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اختیارات کم کئے جائیں‘ سینٹ میں تجاویز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) ایوان بالا نے تجویز دی ہے ملک کے سکیورٹی اداروں میں آئین اور انسانی حقوق سے متعلق مضامین لازمی پڑھائے جائیں تاکہ اْنہیں ان اْمور کی آگہی دی جا سکے۔ بی بی سی کے مطابق سینٹ کے چیئرمین رضا ربانی کی سربراہی میں ہونے والے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بتایا گیا ملک میں لاپتہ ہونے والے افراد کو کسی طور پر بھی انصاف تک رسائی حاصل نہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا سپریم کورٹ میں جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کے مقدمات کی سماعت کے دوران اور ان افراد کے بارے میں بنائے جانے والے کمشن نے بھی سفارشات دی تھیں کہ جبری گمشدگی کے واقعات کو روکنے کے لئے قانون سازی کی جائے، لیکن ابھی تک حکومت کی طرف سے ایسا نہیں کیا گیا۔ فرحت اللہ بابر نے توہین مذہب کے قانون کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے مناسب قانون سازی کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق سینٹ میں ورکنگ ویمن ڈے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ملازم پیشہ خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مشترکہ قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ محرکین میں پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم سمیت 25جماعتیں شامل ہیں تمام جماعتوں کی جانب سے سینیٹر ستارہ ایاز نے قرارداد ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار اور خدمات کا اعتراف کیا گیا اور ورکنگ خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا قرارداد میں بعض اداروں اور دفاتر میں ایک جیسی اسامیوں پر تعیناتی کے باوجود خواتین ملازمین کو کم تنخواہیں دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا خواتین ملازمین کو سماجی معاشی حالات میں بہتری کے لئے ملک میں سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے سینٹ کو آگاہ کیا پاکستان نے نیشنل پارٹی کے لیڈر صلاح الدین قادر اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما علی احسن مجاہد کی افسوسناک پھانسیوں پر بنگلہ دیش کو باضابطہ طور پر اپنے غصے اور گہری تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر عبدالرحمان ملک کے سوال پر تحریری جواب میں مشیر خارجہ نے کہا ہم بنگلہ دیش میں ہونے والی پیش رفتوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں حالانکہ یہ پاکستان کی پالیسی نہیں ہے کہ وہ کسی ملک کے معاملات میں مداخلت کرے۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا 2008ء سے 2013ء تک سٹیل ملز کو 104 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ بعدازاں اجلاس آج صبح 10بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ نیشن رپورٹ کے مطابق سینیٹرز نے ایوان بالا کمیٹی میں سفارش کی کہ جبری گمشدگیوں کو روکنے کیلئے سکیورٹی ایجنسیوں کے اختیارات کو کم کیا جائے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ایوان بالا کے پورے ایوان پر قائم ہونے والی کمیٹی کے اجلاس میںسینیٹر اعظم خان سواتی کی تجاویز پر فیصلہ کیا گیا سول کوڈ 2015ء میں ترمیم کی جائے اور نوے دن کے اندر کیس کے متعلق تمام چیزیں فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ سینیٹر اعظم خان سواتی نے یہ تجویز بھی دی سیکشن فور کے تحت حکومت پرائیویٹ پراپرٹی قبضے میں لے لیتی ہے مگر کئی برسوں تک معاوضہ نہیں دیتی۔ اس حوالے سے مدت مقرر کی جائے۔جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا ایک سال کے اندر سیکشن فور کے تحت حاصل کی جانے والی پراپرٹی کا معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں سینیٹر مظفر علی شاہ کی پیش کردہ 20 تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا جس میں انھوں نے سفارش کی تھی سول کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ عدالتوں میں برسوں سے جاری کیسز کا جلد فیصلہ کیا جا سکے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کمیٹی سے سفارش کی ملک میںلاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی حساس ہے اور اس معاملے کو انسانی حقوق کی کمیٹی میں بھی پیش کیا تھا اس کو دیکھ لیا جائے۔ سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے کہا کراچی میں ہمارے کئی کارکنوں کو ٹارچر کر کے قتل کر دیا گیا۔ غلط کام کرنے والے لوگوں کے خلاف سزائیں مقرر کی جائیں۔ سینیٹر غوث محمد بخش نیازی نے کہا سہولت کار کی تعریف واضح کی جائے ۔سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ نے کہا سکیورٹی اداروں کو قانون کا پابند بنایا جائے۔ سینیٹر لیفٹینٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ قانو ن پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کیلئے سزا مقرر کی جائے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تجویز پیش کی توہین رسالت قانون کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا اسلامی نظریہ کونسل میں تمام مسلک کے علماء شامل ہوتے ہیں ان سے بات کی جائے۔کسی فرد یا تنظیم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی عدالتوں کو مضبوط بنایا جائے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے فنی خرابیوں کی وجہ سے گیس کی فراہمی میں کمی رونما ہوئی اور طلب و رسد کی صورتحال آئندہ برس بہتر ہونے کا امکان ہے۔ آئی این پی کے مطابق پرویز رشید نے سپیشل اکنامک زونز ترمیمی آرڈیننس 2015ئ، وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کم از کم اجرتیں ترمیمی بل 2015ء اور وزیر برائے موسمی تبدیلی زاہد حامد نے پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل بل 2015ء ایوان میں پیش کیا۔ ایوان بالا میں طوائراتی سٹیل مل پر وفاقی حکومت کی طرف سے جی آئی ڈی سی عائد کرنے کے تنازعے پر تحریک التواء بحث کیلئے منظور کرلی گئی۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ایوان کو یقین دلایا آئیسکو میں بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل پر کی گئی بھرتیاں منسوخ کی جائیں گی۔ صباح نیوز کے مطابق صباح نیوز کے مطابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے وزارت خارجہ سے پاکستان میں تمام غیرملکی سفارتخانوں، مشنز میں دفاعی اتاشیوں سمیت سفارتی اہلکاروں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں وزارت خارجہ نے سینٹ کو آگاہ کیا یمن میں تاحال پاکستانی مشن یمن کی امن وامان کی نازک صورتحال کی وجہ سے بند ہے سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے سے یمن کے معاملات کو دیکھا جا رہا ہے۔ آن لائن کے مطابق سینیٹر تاج حیدر اور عثمان کاکڑ کی طرف سے پیش کردہ تحاریک پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے کہا کوئٹہ میں گیس کی کمی ہے۔ کھانا پکانے کے اوقات میں گیس مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، آئندہ سال تک یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کوئٹہ میں 90 فیصد لوگ گیس کا بل ادا نہیں کرتے۔