لاہور سمیت پنجاب ، خیبر پی کے، آزاد و مقبوضہ کشمیر میں شدید زلزلہ ، سوات میں کچھ گھروں کو نقصان

لاہور سمیت پنجاب ، خیبر پی کے، آزاد و مقبوضہ کشمیر میں شدید زلزلہ ، سوات میں کچھ گھروں کو نقصان

لاہور + اسلام آباد + پشاور+ مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) لاہور، راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے آئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ 86 کلو میٹر زیر زمین تھا۔ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ ، سرگودھا، پنڈی بھٹیاں، ننکانہ صاحب، وہاڑی، جھنگ، مری، ڈسکہ، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ، چلاس، دیامر، کوہستان، بشام، غذر، ہری پور، بٹگرام، مظفر آباد، میرپور، راولاکوٹ اور باغ سمیت 35 سے زائد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو بھی ملک کے مختلف شہروں میں 8.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی 193 کلو میٹر زیر زمین تھی۔ رائٹر، اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں زلزلہ کی شدت 5.9 تھی۔ اطلاعات کے مطابق زلزلہ سے کچھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے آئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ استغفار اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔