میڈیکل ایجوکیشن اور صحت عامہ کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا ہے: سائرہ افضل تارڑ

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ صحت عامہ اور میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔میڈیکل کالجوں کا نصاب ملکی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ میڈیکل کے نصاب میں بنیادی صحت عامہ پر زیادہ توجہ دی جائے۔ گزشتہ وز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل ایجوکیشن پر 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں کیلئے ایک مربوط نصاب کی تیاری ایک اہم ذمہ داری ہے جس میں بین الاقوامی رجحانات کے ساتھ ساتھ بدلتی ملکی ضرورتوں کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں کیلئے مربوط نصاب کی تیاری میں ایک بڑی رکاوٹ پرانی سوچ ہے جس کی وجہ سے پروفیسر یہ سمجھتے ہیں کہ نیا نصاب آنے سے ڈیپارٹمنٹس کا کنٹرول ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔