الیکشن کمشن 29 اکتوبر تک بلدیاتی انتخابی شیڈول میں تبدیلی کیلئے درخواست کا فیصلہ کرے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے محرم الحرام میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت 29 اکتوبرتک ملتوی کر دی۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو آئندہ سماعت تک انتخابی شیڈول میں ردو بدل سے متعلق دائر درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔ مجلس وحدت المسلمین کے وکیل نے بتایا کہ محرم الحرام میں نقص امن کے خدشے کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کا حکم دیا جائے۔ اہل تشیع مسلک کے امیدوار انتخابی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکیں گے جس سے انکے انتخابی نتائج پر برا اثر پڑئے گا۔ محرم الحرام میں سکیورٹی کے مسائل بھی ہیں۔ لٰہذا عدالت بلدیاتی انتخابات محرم الحرام کے بعد کروانے کے احکامات جاری کرے۔ سرکاری وکیل نے الیکشن کمشن کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات دس محرم کے بعد ہو رہے ہیں۔ دوسر ے اور تیسرے مرحلے کے شیڈول میں مجلس وحدت المسلین کی درخواست پر پہلے ہی دو مرتبہ ردو بدل کیا جا چکا ہے۔