پی آئی اے‘ پالپا تنازعہ‘ 50 پروازیں منسوخ‘ کروڑوں کا نقصان‘ مسافر پریشان

لاہور + کراچی + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان تنازع دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے بعد دو روز میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی جس سے ملکی خزانے کو لگ بھگ 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ پائلٹوں اور انتظامیہ کے درمیان تنازع اس وقت پیدا ہوا جب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وقت سے زیادہ ڈیوٹی نہ دینے پر ایک پائلٹ کیپٹن کلیم کا لائسنس معطل کر دیا، پائلٹوں نے اس پر احتجاجاً طویل دورانیے کی پروازوں پر اضافی ڈیوٹی ادا کرنے سے انکار کر دیا، پائلٹوں اور پی آئی اے انتظامیہ میں تین دن سے ورکنگ معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی کے 302 کراچی لاہور اور پی کے 303 لاہور، کراچی، پی کے 295 رحیم یار خان سے ابوظہبی جانے والی فلائٹ منسوخ کی جا چکی ہے جبکہ لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 247، پی کے 702 مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں ایک ایک گھنٹہ اور پی کے 584 کراچی سے ڈیرہ اسماعیل خان کی پروازیں دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ پالپا ترجمان کے مطابق پالپا کی ہدایت پر فلائٹنگ کریو نے کوئی حج پرواز مؤخر نہیں کی۔ ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قوانین کے خلاف پی آئی اے کے دو پائلٹوں کے لائسنس منسوخ کئے ہیں جن کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے نے آپریشن روک دیا۔ مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کو آج طلب کر لیا، ترجمان ایوی ایشن کے مطابق حجاج کی بحفاظت واپسی حکومت کی ترجیح ہے پالپا کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پی آئی اے اور پالپا کے تنازعہ میں مسافر پس کر رہ گئے۔ پروازیں منسوخ ہونے سے رش بھی بڑھ گیا جس کا فائدہ نجی ائرلائنز نے اٹھایا اور فوری طور پر اپنے کرائے سو فیصد تک بڑھا دیئے۔ قومی ائیر لائن کی طرف سے پالپا کی طرف سے لگائے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے نے کوئی 747 طیارہ گراونڈ نہیں کیا 747 کے فلائنگ سائیکل ختم ہو گئے ہیں اس لئے اس کو مزید نہیں اڑایا جا سکتا ایسے جہازوں کو اڑانے سے مسافروں کی سلامتی کو خطرہ ہو سکتا ہے اور یہ بوئنگ کمپنی کا قانون ہے۔ پی آئی اے کے چیئرمین ناصر جعفر نے کہا ہے کہ پائلٹس کے ساتھ ایسا کیا ہوا ہے کہ وہ ہڑتال پر ہیں، پالپا کے صدر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں پائلٹس کی جانب سے بیماری کا جواب مل رہا ہے، پالپا کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔