یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ہوسٹلز کی سخت مانیٹرنگ کریں: کرنل ( ر) شجاع خانزادہ

یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ہوسٹلز کی سخت مانیٹرنگ کریں: کرنل ( ر) شجاع خانزادہ

لاہور( نامہ نگار)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے صوبہ کی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر زکو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوسٹلز کی سخت مانیٹرنگ کریںاور ایسے اشخاص کی نشاندہی کریں جو طالبعلم نہیں مگر رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے یہ ہدایات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔جس میں سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم فورس ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن اور دیگر اعلی افسران بھی موجودتھے-انہوں نے کہا کہ طلبہ کو لیکچر دینے کے لئے ایسے پروفیسرز کو بلایا جائے جو غیر متنازعہ ہوں۔انہوں نے یونیورسٹی حکام پر زور دیا کہ وہ سیکورٹی کلیرنس کے بعد مہمانوں کو بلائیں ۔ انہوںنے کہا کہ یونیورسٹیوں کی حدود میں واقعہ مساجد کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے اور کسی کو مسجد میں رات قیام کرنے کی اجازت نہ دی جائے -انہوں نے کہا کہ اگر کسی فیکلٹی ممبر کا تعلق انتہا پسند نظریہ رکھنے والی جماعت یا کالعدم تنظیم سے ہوتو اس کی فوری نشاندہی کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کے سلسلہ میں زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ہی دم لے گی ۔