بلاول دبئی سے کراچی پہنچ گئے، جیالے ڈرنے والے ہیں نہ زرداری میڈیا کے کہنے پر بیان واپس لیں گے: رحمن ملک

بلاول دبئی سے کراچی پہنچ گئے، جیالے ڈرنے والے ہیں نہ زرداری میڈیا کے کہنے پر بیان واپس لیں گے: رحمن ملک

کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمعہ کی شب دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔ ائر پورٹ پر پیپلز پارٹی سندھ کی قیادت نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ واضح رہے کہ بلاول کی آمد سے صرف دو روز قبل ان کے والد زرداری دبئی چلے گئے تھے۔ سینیٹر رحمان ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امین فہیم سخت بیمار ہیں زرداری اور بلاول ان کی عیادت کیلئے باہر گئے تھے۔ ہم پیپلز پارٹی کے جیالے ہیں کسی سے ڈرنے والے نہیں۔ زرداری میڈیا کے کہنے پر بیان واپس نہیں لیں گے۔ زرداری کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ کہا گیا کہ بلاول بھاگ گیا، مگر وہ واپس آ گئے جو کہتے تھے بلاول واپس نہیں آئیں گے ان کے منہ بند ہو گئے۔ زرداری کے بیان کا نشانہ مشرف تھے پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ زرداری نے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا پاک فوج ہماری ہے آنے والی نسلوں کی ہے۔ ضرب عضب کی کامیابی کی سب سے پہلے تعریف زرداری نے کی۔ بیان کی وضاحت کر چکے ہیں دوبارہ بھی دینے کو تیار ہیں۔ ایم کیو ایم کے سندھ حکومت میں شامل ہونے کے بارے میں مجھے علم نہیں۔ پی پی پی مخالف گروپ غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ نریندر مودی کے بیان کے بعد ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ہمیں وفاقی حکومت نے بتایا کہ بلاول کی جان کو خطرہ ہے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اتوار کو لاہور پہنچیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول پاکستان میں 10روز قیام کے بعد واپس دبئی چلے جائیں گے۔ بلاول اور آصف زرداری دبئی میںشاہی خاندان کے افطار میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ آصف علی زرداری بھی آج(ہفتہ) کراچی پہنچ جائیں۔