جی ڈی پی کا پانچ فیصد تعلیم کیلئے مختص کیا جائے ، پری بجٹ ایجوکیشنل سیمینار

لاہور(لیڈی رپورٹر)تعلیم کوترجیح قراردینے کے باوجود کسی حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا، جی ڈی پی کاپانچ فیصد تعلیم کیلئے مختص کیاجائے۔ مقررین نے ان خیالات کااظہارگزشتہ روزاسلامی جمعیت طلبہ لاہورکے زیراہتمام پری بجٹ ایجوکیشنل سیمینار سے خطاب میں کیا۔حافظ سلمان بٹ نے کہااسلامی جمعیت ماضی کی طرح تعلیمی نظام کیلئے سفارشات مرتب کرے۔رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹروسیم اخترنے کہاکہ تعلیم کوترجیح قراردینے کے باوجود کسی بھی حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا۔ صوبوں کو حوالے کرنا ایک سنگین غلطی ہے جس کے نتائج قومی وحدت کے لئے خطرناک ہیں ۔ میٹرک تک یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے ۔اسلامی جمعیت کے ناظم اعلیٰ زبیرحفیظ اورلاہورکے ناظم مستقیم معین نے کہاکہ جی ڈی پی کاپانچ فیصد تعلیم کیلئے مختص کیاجائے ۔سینئرصحافی رضوان رضی نے کہاکہ بجٹ میں اضافے کی بجائے بجٹ کے درست استعمال کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنمانویدچوہدری نے کہاکہ طبقاتی تقسیم کے باعث تعلیمی معیار تنزلی کاشکارہے۔ نائب صدرجمعیت علمائے اسلام ظہیرالدین بابرنے کہاکہ طلبا ملک کے تعلیمی مستقبل سے مایوس نہ ہوں۔