جسٹس (ر) جاوید اقبال کمشن نے مزید 63 لاپتہ افراد بازیاب کرا لئے

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے مئی کے دوران 63 افراد کو بازیاب کرا لیا، کمیشن کے پاس گزشتہ ماہ لاپتہ افراد کے 28نئے کیس درج کرائے گئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1235 ہوگئی، کمشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مئی 2015ء کے دوران جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طور پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے کیسوں کی اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سماعت کی، کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے، کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران 63 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا گیا ،جن افراد کو بازیاب کرایا گیا ان میں عبد اللہ سعد، محمد بلال، رحیم، ذو القرنین حیدر، افضال احمد، عارف خان، محمد عاصم، غالب خان، لعل خان، خباب خان، جاوید، نسیم احمد ، عارف خان، نتھا لعل،نعیم احمد، عبد الکلیم، میاں پارس خان ، محمد فہدالدین، رانا عمیر، محمد راشد علی،ابرار احمد ، ریحان احمد اور کامران شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔