لاہور میں بچے کے قاتل کو پھانسی، راولپنڈی میں ایک مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

لاہور+ راولپنڈی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بچے کے قاتل حامد محمود جبکہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں دوہرے قتل کے مجرم راجہ مشتاق کو پھانسی دیدی گئی۔ سینٹرل جیل مچھ میں فریقین میں راضی نامہ ہونے کی وجہ سے سزائے موت کے 2 قیدیوں کی سزا پر عملدرآمد روکدیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیشن جحج راولپنڈی نے جرم ثابت ہونے پر راجہ مشتاق کو سزائے موت سنائی تھی۔ راجہ مشتاق کو جمعرات کی صبح ساڑھے 5 بجے اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم نے 1980ء میں فائرنگ کرکے فضل حسین اور نور حسین کو قتل کردیا تھا۔ علاوہ ازیں سینٹرل جیل مچھ میں فریقین میں راضی نامہ ہونے کی وجہ سے سزائے موت کے دو قیدیوں کی سزا پر عملدرآمد روکدیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل اسحاق زہری کے مطابق مچھ جیل میں سزائے موت کے مجرم دو بھائی میرو گل اور علی گل کو جمعرات کی صبح پھانسی دی جانی تھی۔ مجرموں نے 18 اگست 2001ء کو بختیار اور غلام حسین کو بختیار آباد کے علاقے میں بس سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پھانسی سے ایک گھنٹہ قبل دو فریقین کے درمیان راضی نامہ ہوگیا۔ ادھر لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بچے کے قاتل حامد محمود کوپھانسی دی گئی۔ مجرم نے 2004ء میں ایک بچے کو اغوا کے بعد قتل کردیا تھا۔ مجرم حامد محمود کو رات 9 بجے تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔