ٹیوٹا میں زیر تربیت افراد کی تعداد 4 لاکھ کی جائے گی: عرفان قیصر شیخ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے مشن بیروزگار نوجوانوںکو یقینی روزگارفراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میںانڈسٹری کی مشاورت سے ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے منتخب اداروں میں مختصر دورانیہ کے کورسز متعارف کر وا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل جلدہنر مند بن کر انڈسٹری میں نوکری یا اپنا کاروبار شروع کر ے اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ دو سالوں کے دوران ٹیوٹا اداروں میںموجودہ زیر تربیت افراد کی تعداد بڑھا کر چار لاکھ تک کر دی جائے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہارچیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا اداروں میں انفارمیشن اور مواصلاتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجر ز حامد غنی انجم، عبد القیوم، اظہر اقبال شاد اور دیگر افسران موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ زیر تربیت ہنر مندوں پر وسائل کا استعمال ضیاع نہیں بلکہ ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے مفید سرمایہ کاری ہے۔ٹیوٹا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نفاذ کے لئے مختلف قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں اور ای لرننگ کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ نصاب پر زیر تربیت ہنر مندوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چیئرپرسن نے مزیدبتایا کہ اپنے محدود وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبہ بھر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن و ٹریننگ کے فروغ کیلئے ٹیلی پریزینس سسٹم کو متعارف کروا دیا ہے۔