مدرسے کے طلبا کو تخریب کار کہنا درست نہیں: شجاعت

مدرسے کے طلبا کو تخریب کار کہنا درست نہیں: شجاعت

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جب میں وزیر داخلہ تھا تو ہم نے ایک ماہ کے اندر پاکستان بھر میں تمام مدرسوں کے حوالے سے رپورٹ تیار کر لی تھی جس کے مطابق ایسا کوئی مدرسہ نہیں تھا جو بچوں کو تخریب کاری کی تربیت دیتا ہو، طالب علم کا اصل مطلب تعلیم حاصل کرنے والا ہے، تخریب کاری کرنے والا طالب علم نہیں ہو سکتا۔ ہم نے مدارس میں تعلیم دینے کیلئے سکیم شروع کی تھی جس کے مطابق قرآن و دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مدرسہ میں جدید کمپیوٹر کی تعلیم سے بھی بچوں کو آراستہ کرنا مقصود تھا تاکہ مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے، اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کر سکیں لہٰذا دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو تنگ نہیں کرنا چاہئے۔ طلبا کو تخریب کار کہہ کر بلانا یا انہیں تخریب کاری کا نام دینا درست نہیں۔