عوام کو جدید تعلیم کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے: ہارون سلطان

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون سلطان بخاری نے کہا  ہے کہ بڑھتی  آبادی اقتصادی وصحت کے مسائل بھی پیدا کر رہی ہے اور دنیا میں غذائی قلت کے شکار لوگوں کی تعداد 7 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ گئی  اور ترقی پذیر ممالک کا ہر چھٹا فرد غذائی قلت کا شکار ہے جبکہ 49 ملین لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں اور ہر 10 ہزار مائوں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں- اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں- 58 ملین آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ 49 ملین لوگ صرف ایک کمرے کے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز سے آگاہی اور مستفید ہونے کے لئے صوبہ میں 15 سو فیملی ویلفیئر سنٹرز ، 117 موبائل سروس یونٹس، 118 فیملی ہیلتھ کلینک، 1456 سوشل موبلائزرز و دیگر  کی خدمات فراہم کی ہیں۔  بڑھتی  آبادی کو  مناسب شرح پر لانے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے  کے لئے معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے-انہوںنے کہا کہ عوام کو معیاری صحت اور جدید تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔