پنجاب میں سرکاری اور نجی سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں آج سے شروع ہونگی وفاقی تعلیمی ادارے 25 سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے

لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری نے کہا ہے صوبہ بھر میں موسم سرما کی تعطیلات کے سلسلے میں تمام سکول آج تا 3جنوری جبکہ تمام کالجز اور یونیورسٹیاں 9جنوری تک بند رہیں گی۔ ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا جن تعلیمی اداروں میں طلبا کے امتحانات ہو رہے تھے وہاں اب پیپر چھٹیوں کے بعد ہوں گے۔ تعطیلات کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں پر ہو گا۔ مزید براں صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے آج سے چار جنوری 2015ء تک موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ آل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان گذشتہ روز سیکرٹری سکول سے میٹنگ کے بعد کیا جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق وفاقی تعلیمی ادارے 25 سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔ دھرنوں کے دوران تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث کم چھٹیاں دی گئی ہیں۔