ایشیائی ممالک اقتصادیات، توانائی، تعلیم دہشت گردی پر تعاون مضبوط بنائیں: مشاہد

ایشیائی ممالک اقتصادیات، توانائی، تعلیم دہشت گردی پر تعاون مضبوط بنائیں: مشاہد

لاہور (خصوصی رپورٹر) ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے چیئرمین ایگزیکٹو کونسل سینیٹر مشاہد حسین سید نے دوسرے روز کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ایشیائی پارلیمانی کے قیام کے حصول کیلئے تمام ایشیائی ممالک کو اقتصادی تعاون، توانائی، تعلیم، دہشت گردی اور ماحولیات جیسے پانچ ایشوز پر آپسی تعاون کو مضبوط تر بنانا ہوگا۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے کامیاب انعقاد سے خطے کے ممالک کا پاکستان پر بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا گیا ہے، روس کی خطے میں اہمیت اور پاکستان کے ساتھ دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے، ایشیائی پارلیمنٹ کے قیام کیلئے مندوبین نے خصوصی کمیٹی کیلئے سینٹ ہیڈ کوارٹر کے قیام کی منظوری دی۔ امن دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے سب کو مشترکہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایشیائی ممالک نے مجھے ایگزیکٹو کونسل کا چیئرمین منتخب کرکے بجاطور پر پاکستان کے قائدانہ کردار کو تسلیم کرلیا ہے، پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑنے میں مدد ملے گی۔ چار نائب صدور کا انتخاب بھی کیا گیا۔ انہوںنے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم تمام تر مشکل حالات اور مخالفت کے باوجود کٹھن حالات سے نبردآزما ہونا بخوبی جانتی ہے۔ مشاہد حسین نے آذربائی جان کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں باضابطہ شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔