کراچی: افطاری سے قبل تھانیدار، باپ بیٹا،2 نوجوان قتل، گیس سلنڈر دھماکہ،7 بچے جھلس گئے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں تھانیدار اور باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاﺅن میں پولیس چوکی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی محمدعلی جاں بحق ہوگیا۔ وہ شاہ لطیف ٹاﺅن چوکی میں تعینات اور افطاری لینے کیلئے گھر سے نکلا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں نے اس پر گولیاں برسا دیں۔ واضح رہے کہ اس سال 91 پولیس افسروں اور اہلکاروں کو اب تک ٹارگٹ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔ گزشتہ روز اے ایس آئی طاہر قاضی جسے 18 جون کو کشمیر روڈ پر قتل کیا گیا تھا، کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی جس میں 2 موٹر سائیکل سواروں کو دیدہ دلیری سے تھانیدار کا پیچھا کرتے اور اس پر گولیاں چلاتے دکھایا گیا ہے۔ دریں اثناءلیاری میں چیل چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت محمد اکبر اور 12 سالہ تاج محمد کے نام سے ہوئی۔ قبل ازیں ملیر سٹی کے علاقے گلشن منیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ طاہر بلوچ جاں بحق ہوگیا۔ منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد میں 30 سالہ احمد خان کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا۔ دریں اثناءپولیس نے گلشن حدید میں چھاپہ ماراا اور 2مغوی بازیاب کراکر 2 اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا۔ دونوں افراد کو جامشورو جاتے ہوئے 24 جون کو 60 لاکھ روپے تاوان کے لئے اغواءکیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں غباروں کی گیس والا سلنڈر پھٹنے سے 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ان میں 6 بچے اور غبارے فروش شامل ہے۔ 4 بچوں کی ہسپتال میں حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ سلنڈر دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا۔ اردگرد کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔