• news

بگرام جیل میں 24 پاکستانی قیدی رہائی کے منتظر ہیں

بگرام جیل میں 24 پاکستانی قیدی رہائی کے منتظر ہیں
اسلام آباد( رستم اعجاز ستی /نامہ نگار) افغانستان کی بگرام جیل میں مزید24 بے گناہ پاکستانی تاحال رہائی کے منتظر ہیں، حکومت پاکستان اور امریکی حکومت کی جانب سے 2012ء میں  یہ تسلیم کیا گیا تھا کہ 40پاکستانی بگرام جیل میں موجود ہیں جبکہ درست اعدادوشمار کا تاحال کوئی تعین نہ ہو سکا، جسٹس پراجیکٹ پاکستان (جے پی پی) نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بگرام میں قید پاکستانیوں کی اصل تعداد اور انکی رہائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، حال ہی میں بگرام جیل سے رہا ہونے والے دس پاکستانیوں کو بھی تاحال ورثاء سے ملاقات یا وکلاء تک رسائی نہیں دی گئی، تنظیم کے ترجمان شہاب صدیقی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر بگرام جیل سے تاحال16پاکستانی رہا ہو چکے ہیں، چھ پاکستانیوں کو2013ء میں رہائی ملی جبکہ مزید دس پاکستانیوں کو حال ہی میں رہا کیا گیا، رہاشدہ دس پاکستانی کہاں ہیں اس بارے میں کسی کو کچھ نہیں بتایا جا رہا، لاہور ہائیکورٹ کی بے گناہ پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں لیکن حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہاشدہ پاکستانی بے گناہ تھے  جنہیں شک کی بنیاد پر قید کر دیا گیا، زیادہ ترلوگ ایسے تھے جو مزدور تھے،2007,08ء میں مزدوری کیلئے بارڈر کراس کر کے افغانستان گئے کیونکہ اسوقت وہاں کام کی صورتحال بہتر تھی کسی پر بھی کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جو چھ پاکستانی رہاہوئے انہیں نومبر2012ء میں رہا ہونا تھا لیکن حکومت کی سستی کی وجہ سے ایک سال کی تاخیر سے وہ رہا کئے گئے، اب2014ء میں امریکہ افغانستان سے نکل رہا ہے تو یہ وقت ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کی رہائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

ای پیپر-دی نیشن