صدارتی انتخاب، کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک وصول کئے جائیں: الیکشن کمشن

صدارتی انتخاب، کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک وصول کئے جائیں: الیکشن کمشن

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے تمام ہائی کورٹس کو ہدایت کر دی ہے کہ صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی آج بدھ دن 12 بجے تک وصول کئے جائیں۔ امیدوار خود یا اس کا نمائندہ کاغذات جمع کراتے وقت پیش ہو۔ تجویز اور تائید کنندگان قومی شناختی کارڈ اور اسمبلی رکنیت کارڈ ساتھ لائیں۔ امیدواروں کو بتایا جائے کہ سکروٹنی 26جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کریں گے۔ الیکشن کمشن نے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس بلانے کے لئے خطوط لکھ دیئے۔ صدارتی انتخاب کے لئے پارلیمنٹ ہاﺅس اور چاروں اسمبلیوں کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا جائے گا۔ ادھر الیکشن کمشن نے صدارتی انتخاب کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ صدارتی انتخاب خفیہ رائے شماری کے مطابق ہو گا۔ ارکان کو امیدوار کے نام کے سامنے کراس کا نشان لگانا ہو گا۔ کوئی اور نشان لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔