دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنا ضروری ہے: فوجی قیادت

دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنا ضروری ہے: فوجی قیادت

اسلام آباد (نیشن رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں دی گئی بریفنگ کے حوالے سے مزید تفصیلات کے مطابق فوجی قیادت نے حکمران قیادت کو پیغام دے دیا ہے کہ تشدد کی کارروائیوں میں اس وقت تک کمی نہیں ہو سکتی جب تک دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نہ نمٹا جائے اور انہوں نے شورش زدہ علاقوں میں فوجی آپریشن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فوجی قیادت نے وزیراعظم کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ فوجی قیادت نے وزیراعظم کو موجودہ اور سابق حکومت کے عہدیداروں اور وزراءکے خیبر پی کے اور بلوچستان میں ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں بھی بتایا۔ فوجی قیادت نے قانون کے حوالے سے کمزوریوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کے شعبے میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا لیکن شہادتیں اکٹھا نہ ہو سکنے کی وجہ سے انہیں چھوڑنا پڑا۔ ایک اعلیٰ حکومتی افسر نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ وزیراعظم نے ریمارکس دیے کہ کوئٹہ، پشاور، کراچی، یا کہیں اور سکیورٹی کی ناقص صورتحال کا کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی کے حوالے سے فوج کی طرف سے دی جانے والی سفارشات کا بھی اے پی سی میں جائزہ لیا جائے گا۔