کراچی مفت راشن کی تقسیم کے دوران بھگڈر دو غریب خوعاتین جاں بحق کئی زخمی

کراچی (نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب شادی ہال میں غریبوں میں مفت راشن کی تقسیم بھگدڑ مچنے سے 2 خواتین جاںبحق، متعدد زخمی ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مدرسہ چلانے والی ایک مذہبی تنظیم کی طرف سے رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر غریب خواتین میں مفت راشن تقسیم کیا جا رہا تھا اور تقریباً 200 خواتین کے لئے راشن کے پیکٹ رکھے گئے تھے مگر 4 ہزار خواتین وہاں جمع ہو گئیں جن کے ساتھ مرد بھی تھے جیسے ہی شادی ہال کا دروازہ کھولا گیا خواتین ایک دوسرے کو دھکے دیتے اور گراتی ہوئی آگے بڑھنے لگیں اس بھگدڑ میں دو خواتین 4 بچوں کی ماں نصرت الطاف اور 6 بچوں کی ماں عظمیٰ جمال نیچے گرنے اور روندے جانے پر دم گھنٹے سے دم توڑ گئیں، دونوں کے شوہر مزدور بتائے جاتے ہیں جبکہ کئی خواتین ایک دوسرے کے اوپر گرنے سے زخمی اور بے ہوش ہو گئیں جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔ حالات کنٹرول کرنے کے بعد مذہبی تنظیم کے ذمہ داروں نے مفت راشن کی پھر تقسیم شروع کرائی تو وہاں دوبارہ بھگدڑ مچ گئی، خواتین اور ان کے ساتھ آئے مردوں نے آگے بڑھ کر سامان لوٹ لیا۔ لوٹ مار پر پولیس نے کچھ مردوں کو حراست میں لے لیا۔ ایک دفعہ پھر دھکم پیل اور چیخ و پکار مچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تنظیم کے عہدےداروں نے تقریب کی پہلے سے پولیس کو اطلاع نہیں دی تھی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے راشن کی تقسیم بند کرا دی۔ واضح رہے کہ 2009ءمیں رمضان المبارک کے دوران اناج منڈی کھوڑی گارڈن میں مفت راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 18 خواتین جاںبحق ہو گئی تھیں۔
کراچی / بھگدڑ