• news

لاپتہ افراد کے سینکڑوں لواحقین کا وزیراعظم کے گھر کے سامنے مظاہرہ

لاہور(آئی این پی) لاپتہ افراد کی نمائندہ تنظیم ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام وزیراعظم میاں نواز شریف کی ماڈل ٹاﺅن کی رہائش گاہ کے سامنے گزشتہ روز مظاہرہ کیا گیا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے لاپتہ افراد کے سینکڑوں لواحقین نے شرکت کی جنہوں نے اپنے پیاروں کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوے کہا نئی حکومت کے دور میں یہ لاپتہ افراد کا تیسرا مظاہرہ ہے۔ ہم نئی حکومت کو درپیش مسائل کو سمجھتے ہیں مگر ہم میاں نواز شریف کے منہ سے تسلی کا ایک لفظ سننے کو ترس گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں لاپتہ افراد کے حوالے سے کسی ٹاسک فورس کے قیام کی خبر سنی تھی مگر ہم سے آج تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا بجلی کے لیے ڈیم بنانے میں تو شاید پانچ سال لگتے ہیں مگر لاپتہ افراد کی رہائی کے لیے ایک قانون اور آئین کو ماننے والا دماغ اور دو انگلیوں میں پکڑا ہوا قلم کافی ہے جبکہ یہ بھی ایک حقیقت ہے میاں صاحب اور ان کی پارٹی کے باقی عہدیداران پچھلی حکومت کے دور میں ہر فورم پر بڑے واشگاف الفاط میں جبری گمشدگی کے حوالے سے پچھلی حکومت کی مذمت کرتے رہے ہیں چنانچہ اس معاملے پر کسی نئی سوچ بچار کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ اسی پس منظر میں حکومت کی طرف سے اب تک کوئی قدم نہ اٹھانے کے باعث ہمیں تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن