• news

آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے طالبان سے مذاکرات کرینگے: پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش مسائل پر قابو پانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسند کے خاتمے کیلئے سیاسی عزم کی ضرورت ہے، حکومت آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے طالبان سے بات چیت کریگی۔ وفاقی وزیر نے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے مناسب اور ٹھوس اقدامات نہ کرنے پر سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ دورہ بلوچستان کے دوران وزیراعظم میاں نواز شریف نے انسداد دہشت گردی کی پالیسی مرتب کرنے کیلئے سیاستدانوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اسے آئین کے مطابق حل کیا جائیگا۔ عوام نے جمہوریت کی بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں کیونکہ یہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ وفاقی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے خیبرپی کے اور سندھ حکومت کو مکمل تعاون فراہم کریگی۔ پرویز رشید نے کہا انہوں نے پوری زندگی میں آمریت کی مخالفت کی ہے۔ ریلوے کے چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے انہوں نے کہا اس سلسلے میں امیدواروں کے انتخاب کیلئے عالمی شہرت کی حامل کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور اس سلسلے میں کام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا معاملہ اپنے ملکی قوانین کے مطابق حل کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن