تنخواہ میں 10فیصد اضافے کیخلاف کلرکوں کا لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج جاری

تنخواہ میں 10فیصد اضافے کیخلاف کلرکوں کا لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج جاری

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بجٹ میں تنخواہوں میں10 فیصد اضافے کیخلاف کلرکوں نے لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں احتجاج جاری رکھا اور ہڑتال کی، ریلیاں نکالیں اور دھرنے دئیے۔ مظاہرین نے مختلف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے رہنماﺅں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے اور تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب کے لحاظ سے اضافہ نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ فیصل آباد میں ملازمین نے مکمل ہڑتال اور دفاتر کی تالہ. بندی کی اور محکمہ انہار بلڈنگ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور حکومت مخالف نعرے بازی کی اور سینہ کوبی بھی کی۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام ضلع بھر کے کلرکوں نے دوسرے روز بھی شدید احتجاج کیا اور دفاتر کی تالہ بندی کر کے ڈی سی او آفس ننکانہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے مختلف کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں میں کم ازکم 20 فیصد اضافہ اور اپنے مطالبات کے حق میں مختلف نعرے درج تھے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کلرکوں نے تمام سرکاری دفاتر میں ہڑتال اور تالہ بندی کی گئی، سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کرنے پر حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع بھر کے کلرکوں نے تنخواہوں میں کم اضافہ کے خلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کرتے ہوئے دفاتر کی تالا بندی کی اور اپنے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے میں شریک کلرکوں نے کم تنخواہوں کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ لاہور میں اسمبلی ہال چوک میں ملازمین نے احتجاج کیا جس میں لاہور بھر کے ہزاروں ملازمین جلوس کی شکل میں احتجاجی بینرز اٹھائے شامل ہو گئے۔ اس موقع پر آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وعدہ کے مطابق اضافہ نہ کرنے کے خلاف سرکاری دفاتر میں کام بند کر کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی جلوس نکالیں گے۔ 16 جون کو اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ حکومت جب تک اپنے کئے وعدے کے مطابق مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ایپکا کا احتجاج جاری رہے گا۔ اسی فیصلہ کی روشنی میں ملک بھر کے تمام دفاتر 21جون تک بند رہیں گے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 25 جون کو اسلام آباد چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ایک جلسہ میں میاں محمد فاضل اور صدر ایپکا لاہور ڈویژن غفور علی بھٹی کے علاوہ دیگر عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بجٹ 2013-14ءکو نامنظور کرتے ہیں۔ یہ بجٹ عوام اور سرکاری ملازمین قاتل بجٹ ہے۔ اس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا، اگر ملازمین کی تنخواہ میں 100فیصد اضافہ، ہاﺅس رینٹ، ٹائم سکیل، ایڈہاک/ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر نہ کیا گیا تو حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا۔

لاہور: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مظاہرین بجٹ اور مہنگائی کیخلاف پریس کلب کے سامنے نعرے بازی کر رہے ہیں