اڈیالہ جیل کے سات لاپتہ قیدی 14 مئی کو ہر صورت پیش کئے جائیں : سپریم کورٹ
اڈیالہ جیل کے سات لاپتہ قیدی 14 مئی کو ہر صورت پیش کئے جائیں : سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ میں اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت کا قیدیوں کو پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی۔ عدالت نے خفیہ اداروں، سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 7 قیدیوں کو آئندہ 14 مئی کو ہونے والی سماعت میں ہر صورت پیش کیا جائے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی تو درخواست گزار ایڈووکیٹ طارق اسد، اٹارنی جنرل فار پاکستان اور خفیہ ادارں کے وکیل راجہ ارشاد عدالت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ 7 قیدیوں کی عدالت میں پیشی سے متعلق وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو لیٹرز بھجوا دیئے ہیں۔ قیدیوں کو الیکشن مصروفیات کی وجہ سے نہیں لایا گیا۔ آئندہ سماعت پر انہیں پیش کر دیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ قیدیوں کو سزا دینے سے متعلق وزارت قانون کو لکھا تھا جس پر وزارت قانون نے متعلقہ اتھارٹیز سے جواب مانگا۔ اتھارٹیز نے اپنا جواب وزارت داخلہ کے ذریعے جمع کرا دیا ہے۔ قیدیوں کو پیش کرنے پر تحفظات ہیں مگر انہیں پیش کرینگے۔ فی الحال الیکشن کے باعث مصروفیات ہیں، اس لئے مزید وقت دیا جائے۔
اڈیالہ جیل/ سپریم کورٹ