عدلیہ آزادی سے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کر رہی ہے: چیف جسٹس سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور بنچ کے تعاون کے بغیر عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کا عمل ممکن نہیں۔ عدلیہ بحالی تحریک کے بعد لوگوں کا عدلیہ پر اعتماد بڑھا ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوئی ہے۔ آج عدلیہ آزادی سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کے سربراہ بار کے صدر چودھری محمد بوٹا نے چیف جسٹس کی ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی انصاف کی فراہمی کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اپنے وکلاءبرادری کے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو بار کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کر لی۔