”ہم خیال کا نام تبدیل“ پیپلز مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑونگا:ارباب رحیم

کراچی (نوائے وقت نیوز +نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے سابق وزیراعلی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے اپنی جماعت مسلم لیگ ہم خیال کا نام تبدیل کرکے ”پیپلز مسلم لیگ“ رکھ دیا ہے اور اسی نام اور پلیٹ فارم کے تحت عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض دوستوں کا خیال تھا کہ مسلم لیگ ہم خیال مسلم لیگ ن میں ضم ہو جائے گی مگر ایسا نہیں ہو سکا اسی لئے ہم نے پارٹی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ایک سوال پر ارباب غلام رحیم نے کہا پاکستانی بیورو کریسی بھی اب پاکستانی نہیں رہی۔ لوگ آپس میں زیادہ نہیں لڑتے سیاستدان انہیں لڑاتے ہیں انہوں نے کہا پاکستانی معاشرہ بہت بگڑ چکا ہے لوگ کرپٹ حکمرانوں اور نمائندوں کو دوبارہ منتخب کر لیتے ہیں اور یہ حکمران جن لوگوں سے ووٹ لیتے ہیں انہی کو لوٹتے ہیں انہوں نے کہا اگر ہم سے بھی کوئی بھول ہوئی ہے تو لوگ بے شک ہمیں ووٹ نہ دیں۔