کراچی : ٹارگٹ کلنگ جاری ‘ متحدہ کے کارکن سمیت مزید 12 افراد جاں بحق

کراچی : ٹارگٹ کلنگ جاری ‘ متحدہ کے کارکن سمیت مزید 12 افراد جاں بحق

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی بدستور دہشت گردی کی لپیٹ میں، بدھ کو بھی تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت12 افراد ہلاک اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔ ایک موٹر سائیکل اور کار کو نذر آتش کر دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے علاقائی دفتر پر فائرنگ سے تین کارکن زخمی ہوئے۔ گلبہار میں فراست مرزا متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن مارا گیا جس پر علاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی اور دکانیں وغیرہ بند کردی گئیں۔ کیماڑی میں حنیف ، نارتھ ناظم آباد میں سمیع اللہ، شاہ لطیف ٹاﺅن میں سلطان خان، شیر شاہ میں نور احمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ گوٹھ کے علاقے میں ایک شخص کی لاش ملی۔ مقتول کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی۔ اورنگی ٹاﺅن میں مینارگل کو چھری کے وار کر کے زخمی کر دیا گیا، رامسوامی میں فائرنگ سے فیصل زخمی ہو گیا۔ گلشن اقبال بلاک گیارہ حسین ہزارہ گوٹھ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد نبیل اور اللہ بخش ہلاک اور افسر اقبال یاسر اور پرویز سمیت چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران مشتعل افراد نے ایک موٹر سائیکل اور ایک کار کو بھی نذر آتش کر دیا۔ فائرنگ کے باعث علاقے کے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ ادھر بوٹ بیسن کے علاقے میں منہاج ذوالفقار کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ گلبہار میں سالہ سید عمران حیدر نقوی ہلاک ہوگیا۔ سرجانی ٹاﺅن میں خالد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ بھینس کالونی میں 15 سالہ میر مرتضیٰ ہلاک ہو گیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر اسد عثمان کی نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد پاپوش قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ دوسری طرف ڈاکٹر اسد عثمان کے قتل کے خلاف عباسی شہید ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے بدھ کو ہڑتال کی گئی۔ علاوہ ازیں کراچی میں حب ریور روڈ واقع مشرف کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 35مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف قسم کا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔