نگران حکومتوں کے نام پر بندربانٹ، الیکشن کمشن سپریم کورٹ نوٹس لے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ سندھ اور خیبر پی کے میں نگران حکومتوں کے نام پر وزارتوں کی بندربانٹ جاری ہے اور پانچ سال سے اقتدار پر قابض لوگ ہی دوبارہ وزیر مشیر بننے کی کوشش کر رہے ہیں، نگران حکومتوں کیلئے پارٹی سیاست سے بالا تر اور سیاسی جماعتوں سے لاتعلقی بنیادی شرط ہے ، آئینی شرائط کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اور خیبر پی کے میں پیپلزپارٹی، اے این پی اور جے یوآئی نگران وزارتیںحاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ عوام ایسی غیرآئینی حکومتوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی ان حکومتوں کی نگرانی میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کسی کیلئے قابل قبول ہونگے، الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ فوری طور پر اس کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی نگرانی میں غیرجانبدار نگران سیٹ اپ کے قیام کو یقینی بنائیں۔ منور حسن نے کہا کہ نگران حکومتو ں کے نام پراگر دوبارہ انہی لوگوں کو مسلط کرنا تھا تو پھر حکومتوں کو تحلیل کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ علاوہ ازیں منور حسن کی اپیل پر 22مارچ بروز جمعة المبارک ملک بھر میں یوم استغفار دعا منایا جائے گا۔