• news

لاپتہ افراد کی بازیابی تک جدوجہد جاری رہے گی : آمنہ مسعود جنجوعہ

کراچی (سٹاف رپورٹر) ڈیفنس ہیومن رائٹس آف پاکستان کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے لاپتہ افراد کے مقدمات کے حوالے سے قائم کمیشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب افتخار محمد چوہدری لاپتہ افراد کے مقدمات کی ازخود سماعت کریں۔ سابق آمر پرویز مشرف ہزاروں لاپتہ افراد‘ معصوم ڈاکٹر عافیہ صدیقی‘ لال مسجد کے طلباءو طالبات‘ نواب اکبر بگٹی سمیت دیگر کئی مقدمات میں براہ راست ملوث ہونے کے باعث قومی مجرم ہیں۔ وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرکے ان کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ کراچی پریس کلب پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ہمراہ ایک روزہ احتجاجی کیمپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کا اغواءآئین توڑنے کے مترادف ہے‘ ملکی آئین کے 4 سے 24 تک کی دفعات شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے پیاروں نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالت میں لایا جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر انہیں فوری طور پر باعزت رہا کیا جائے۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ برس 125 افراد کی رہائی عمل میں آئی‘ تاہم اب بھی سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن