آڈیٹر جنرل کا عہدہ سپریم کورٹ جج کے برابر، ہٹانے کےلئے سپریم جوڈیشل کونسل جائیں: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالتیں ایسے کیسوں کی سماعت نہیں کر سکتیں جن کا مفاد عامہ سے کوئی تعلق نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت شروع کی تودرخواست گزار رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بلند اختر رانا دوہری شہریت کے حامل ہیں ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں لہذا عدالت انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دے۔ جس پر عدالت نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آڈیٹر جنرل کا عہدہ سپریم کورٹ کے جج کے برابر ہے۔ انہیں ہٹانے کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل سے ہی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ عدالتیں مفاد عامہ کے صرف ان مقدمات کی ہی سماعت کر سکتی ہیں جن کی سماعت کے لئے کوئی اور فورم موجود نہیں۔ عدالتیں ایسی درخواستوں کی سماعت نہیں کر سکتیں جن کا مفاد عامہ سے کوئی تعلق نہیں۔