مسافروں کا ٹرین میں گیس سلنڈر لیجاناہماری کوتاہی ،شیخ رشید کا جاں بحق مسافروں کیلئے فی کس 15،زخمیوں کو 5لاکھ روپے امدادکا اعلان
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مسافر وںکی جانب سے ٹرین میں گیس سلنڈر لیجانے کواپنے محکمے کی کوتاہی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس چھوٹے سٹیشنز پر سکینر ز کی سہولت نہیں ہے ،جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو فی کس 15لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے ۔ تیز گام ایکسپریس کو پیش آنےوالے حادثے پر اپنے ویڈیوبیان میں شیخ رشید نے کہا کہ امیر حسین جو تبلیغی جماعت کے امیر ہیں انہوں نے دو کوچز بک کی تھیں اور اس میں محراب پور ،حیدر آباداورنواب شاہ سے مسافروں کو سوارکیا گیا ۔ اس میں دو سلنڈر او رایک چولہا پھٹ جانے کی وجہ سے 62مسافر شہید ہو گئے ہیں اور33زخمی ہیں ۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ جو لوگ جاں بحق ہوئے ہیں ان کے لئے 15لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 5لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ پاک فوج او ردوسر ی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں او رانہوں نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا ۔ میں خود بھی آرمی چیف کا مشکور ہوں کہ انہوںنے جائے حادثہ پر پہنچنے کےلئے میرے لئے فضائی ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا ۔شیخ رشید نے کہا کہ امیر حسین صاحب زندہ ہیں اور ان سے رابطہ ہو گیا ہے ، ان کے پاس تمام لوگوںکے نام موجودہیں اور ہم سب فیملیوں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے سے سالانہ 7 کروڑ لوگ سفر کرتے ہیں اور ہمارے دور میں ایک کروڑ کا اضافہ ہوا ہے ۔ ویگنزکی شارٹج ہوتی ہے اس لئے تبلیغی جماعت کے زیادہ تر لوگ ریلوے ٹرین کو استعمال کرتے ہیں۔ہم نے رائے ونڈ اسٹیشن کو بھی اوپن کیا اور تمام ٹرینوں کو دو منٹ کا رائے ونڈ پر سٹاپ دیا ۔ ہماری کوتاہی ہے کہ مسافر ٹرین پر چولہے لیجانے میں کامیاب ہو گئے اور سلنڈر کے پھٹنے سے یہ حادثہ رونما ہوا۔ چھوٹے اسٹیشنوں پر ہمارے پاس سکینر نہیں ہیں جبکہ بڑے سات ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر سکینر ہیں ۔ یہ ایک خونی حادثہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے درجات بلند کرے اور متاثرہ خاندانوںکو صبر جمیل عطا کرے۔