وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف) کےاحتجاجی مارچ کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی اوران کےراستے میں کسی قسم کی رکاوٹ پید ا نہیں کرے گی۔
وہ آج اسلام آباد میں اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر چاروں صوبوں سے مظاہرین کو مکمل سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعظم نے حزب اختلاف کی جماعت کو احتجاجی مارچ کی اجازت دی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمن اس مارچ کو پرامن طریقے سے آگے لائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں سفارتخانے بھی موجود ہیں، حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ سفارتکاروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے اور پاکستان کو اقوام متحدہ کے بین الاقوامی عملے کےلئے ان کا ایک دوسرا گھر قرار دیا گیا ہے۔