تعلیم و ہنر کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،شفقت محمود
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیم و ہنر کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کا مستقبل ہمارے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرکے انہیں باعزت روزگار مہیا کرنے میں ہے ۔ یہ بات شفقت محمود نے پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب ماڈلز کی طرز پر ایسے نظام متعارف کروائیں گے جس سے نہ صرف تعلیم بلکہ ہنر کے معیار اور فراہمی میں نمایاں بہتری لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد پانچ سکولوں میں ووکیشنل تعلیم کو روایتی تعلیم کا حصہ بنائیں گے تاکہ ایسے بچے جو تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے ان کو ووکیشنل تربیت کی طرف راغب کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں ایسے فنون کی نشاندہی کی جائے گی جس کو سکول لیول پر متعارف کروایا جاسکے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے کیلئے عالمی معیار کے ہنر کی فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے نیوٹیک کو ہدایت کی کہ ملک کے ٹی ویٹ سیکٹر بابت اپ ٹوڈیٹ ڈیٹا تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد نیشنل سکل یونیورسٹی فعال ہوجائے گی ۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان نے وفاقی وزیرتعلیم کو نیوٹیک کے تحت کی جانے والی اصلاحات و اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔