کراچی سمیت ملک بھر میں شہداء کربلا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا
کراچی/ کوئٹہ (وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت) کراچی سمیت سندھ بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کا چہلم ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا گیا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے صوبائی دارالحکومت میں چہلم کے سلسلے میں تعزیہ کا مرکزی اور قدیم روایتی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور ایم اے جنا ح روڈ سے براستہ صدر ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں حسب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ شہر کے مختلف مقامات سے تعزیئے اور شبیہ ذوالجناح کے چھوٹے اور بڑے جلوس بھی برآمد ہوئے ۔ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنمائوںنے بھی ان جلوسوں میں شرکت کی۔ علاو ہ ازیں چہلم شہداء کربلا کے موقع پر شہر بھر خصوصاً جلوسوں کی گزرگاہوں،مساجد ،امام بارگاہوں اور سبیلوں کو پانی کی فراہمی ونکاسی آب کیلئے واٹربورڈ کے انتظامات قابل تحسین رہے ،ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمودشیخ نے واٹربورڈ کے خصوصی اور فول پروف اقدامات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہتر انتظامات پر واٹربورڈ کے افسران انجینئرز اور ماتحت عملہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس صبح 9بجے سے بند تھی جو رات 8بجے کے بعد بحال ہوگئی تفصیلات کے مطابق منگل کے روز شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ شہر میں بھی موبائل اور نیٹ سروس صبح 9بجے سے لیکر رات 8بجے تک بند رہی جس کی وجہ سے شہریوں سمیت تاجروں اور صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بروقت خبروں کی ترسیل نہ ہوسکی ۔
چہلم