قومی ترقی کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے‘ صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی ترقی اور معیشت کے استحکام کے لئے معاشرے کا ہر فرد اپنی صلاحیت کے مطابق کام کرے۔ وزیراعظم یوتھ ووکیشنل پروگرام اس سلسلے کی کڑی ہے جس کی کامیابی سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق قومی ترقی کے عمل میں بھرپور طریقے سے شریک ہو سکیں گے۔ صدر گزشتہ روز ایوان صدر میں نیوٹیک کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں انجینئر بلیغ الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ صدر نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کی تشکیل کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق ترتیب دے کر روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے۔ صدر نے کہا کہ جس معاشرے نے جدید عہد کے تقاضوں کو سمجھ کر افرادی قوت کو تربیت دی ترقی اور خوشحالی ان کا مقدر بن گئی۔ حکومت نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بہترین پروگرام تیار کیا ہے۔ یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ صدر نے کہا کہ نیوٹیک کے ذمہ داران نوجوانوں کے انتخاب کے سلسلے میں ایسا نظام تشکیل دیں جس کے باعث پاکستان کے ہر علاقے میں نوجوان فنی تربیت حاصل کر سکیں۔ صدر نے کہا کہ نیوٹیک کو اپنی توجہ بلوچستان کی طرف بھی مبذول کرنی چاہئے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ذمہ داریاں نبھانے کے لئے بلوچستان کے نوجوانوں کو سب سے زیادہ تربیت کی ضرورت ہے۔ صدر نے نیوٹیک کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے صدر پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی پر خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے فنی سیکٹر کی عزت و توقیر میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹیک نے پچھلے دو سال کے عرصے میں بہت سے سنگ ِ میل بین الاقوامی معیار کے مطابق طے کئے ہیں جو ہماری معیشت کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ورلڈ اسکلز کونسل کا ممبر منتخب ہوگیا ہے اور ہم فنی شعبے میں عالمی برادری کے فن اور تجربے سے مستفید ہوں گے جس سے ہمارے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم بروقت ہنر کی اہمیت، افادیت اور طاقت کا اندازہ کرلیں تو وہ وقت دور نہیں جب ہم دنیا کی عظیم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکل سیکٹر بہت توانا ہے اور ہنر کی طاقت سے ہم اس ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ اگر یہ حکومت، میڈیا اور ملک کے اہم طبقوں کی ترجیح اول بن جائے تو ملک میں امن اور خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعہ مختلف شعبوں میں غیرمعمولی ترقیاتی عمل جاری ہے۔ ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ گزشتہ روز ٹیلی نار گروپ کے صدر اور سی ای او سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ملک میں 3 جی اور 4 جی ٹیکنالوجی کے آنے کے باعث ٹیلی کام شعبے میں اہم تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ صدر نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعہ ملک کی جامعات میں ریسرچ کے مراکز قائم ہو سکیں گے۔