دھاگے کی قیمتوں میں اضافہ‘ فیصل آباد میں 50 ہزار پاور لومز فیکٹریاں بند‘ لاکھوں مزدور بیروزگار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) دھاگے کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف فیصل آباد میں 50 ہزار پاور لومز فیکٹریاں بند کر دیں جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو گئے۔ مالکان نے آج ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 90فیصد پاور لوم فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔ مزدوروں کے لئے گھروں کے چولہے جلانا اور بچوں کے لئے دال روٹی کمانا بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے‘ بھوک ننگ اور فاقوں سے تنگ یہ مزدور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ دھاگے کا یہ مصنوعی بحران چند بڑے مگرمچھوں اور حکومتی نمائندوں کا ذاتی مفاد کی وجہ سے پیدا کردہ ہے۔ دھاگہ ایکسپورٹ سے چند لوگوں کے پیٹ بھرے جا رہے ہیں۔ مزدور رہنماؤں اسلم معراج، رانا طاہر، غلام نبی جاوید، ابوذرغفاری، ملک فضل الٰہی اور میاں عبدالقیوم نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جہاں چھوٹی پاور لوم انڈسٹری جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے آج شدید بحران سے دوچار ہے اور اس صنعت سے وابستہ لاکھوں محنت کشوں کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔ مزدور رہنماؤں نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ دھاگے کی ایکسپورٹ فوری بند کرتے ہوئے پاور لوم انڈسٹری اور مزدوروں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔ حکومت کی دھاگہ ایکسپورٹ پالیسی کے خلاف لیبر قومی موومنٹ آج 31۔اکتوبر بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے ضلع کونسل تا چوک گھنٹہ گھر تک ایک احتجاجی ریلی نکالے گی۔