لاہور (خبر نگار خصوصی + این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہئے البتہ حکومت کو کشمیری عوام کی سیاسی‘ اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنی چاہئے۔ وہ گذشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر شہباز شریف بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں طے پایا کہ کشمیر کور ایشو ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک دوطرفہ تعلقات اور کھلی تجارت کا جواز نہیں بنتا۔ نوازشریف نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان سے بامقصد مذاکرات فوری شروع کرے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے نوازشریف کو آزاد کشمیر کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ جو انہوں نے قبول کر لی۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر اتنا ہی عزیز ہے جتنا کشمیریوں کو پاکستان عزیز ہے۔ راجہ فاروق نے نوازشریف کی جانب سے کشمیریوں کی بھرپور مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ این این آئی کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنا ہونگے ورنہ پھر پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہو گا‘ قوم آج تک ملک میں آمرانہ اقدامات کے خاتمے اور تبدیلی کا انتظار کر رہی ہے۔ مہنگائی‘ بیروزگاری جیسے مسائل حل نہ ہوئے تو پھر قوم جمہوریت پر بھی انگلیاں اٹھائے گی۔ قوم مزید مایوس ہو گئی تو یہ کسی کیلئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے ضروری ہے لیکن اس کے علاوہ بھی جو مسائل ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا۔ پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کو طول دینے اور غیروں کو خوش کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اگر وہ 1999ء کو اقتدار پر شب خون نہ مارتے تو مسئلہ کشمیر بھی کب کا حل ہو چکا ہوتا۔ نوازشریف سے وفاقی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور مسلم لیگ (ن) کے وفود نے بھی ملاقات کی۔ نوازشریف نے راجہ حیدر سے ملاقات میں مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس کے درمیان نظریاتی تعلق قائم ہے‘ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ کشمیریوں کی جدوجہد حق پر مبنی ہے یہ ضرور کامیاب ہو گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے میڈیکل کالجوں اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں کشمیری طلبہ کی سیٹیں بھی بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024