غزہ جنگ بندی،مصری وزیرخارجہ اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کریں گے
قاہرہ(این این آئی)مصری وزیرخارجہ سامح شکری اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی سے ملاقات کریں گے اور وہ ان سے غزہ میں جنگ بندی اوراس کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصرکی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان21 مئی کو غزہ میں جنگ بندی ہوئی تھی۔اب مصراسرائیل کے پشتیبان امریکا اور دوسرے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر اس جنگ بندی کو پائیدار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔وہ تنازع کے دونوں فریقوں سے فلسطینی علاقوں میں قیام امن کے لیے بات چیت کررہا ہے۔مصری وزارت خارجہ نے وزیرخارجہ سامح شکری کے دورے کی اطلاع دی ہے مگر اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔اسرائیل کی خبری ویب گاہ نے الگ سے یہ اطلاع دی کہ مصر کی جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔