شدید گرمی چڑیا گھر کے جانور اور پرندے بھی نڈھال‘ پوما ہلاک
لاہور (سپورٹس رپورٹر) صوبائی دارلحکومت لاہور میں پڑنے والی گرمی کے باعث لاہور چڑیا گھر کے جانور اور پرندے بھی نڈھال ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ شدید گرمی کے باعث لاہور چڑیا گھر کا پوما جان کی بازی ہار گیا ۔ چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ پوما کو خون کی بیماری لاحق ہو چکی تھی جبکہ وہ اپنی طبعی عمر بھی پورا کر چکا تھا ۔ گذشتہ چار روز اس کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی جا رہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مدثر حسن نے بتایا کہ پوما کی زیادہ سے زیادہ عمر 8 سے 10 سال ہوتی ہے۔ ہلاک ہونے والے نر پوما کی عمر نو سال ہو چکی تھی اس کی باڈی کو ویٹرنری ہسپتال پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔