وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک سے رابطہ کیا ہے اور انہیں لاپتہ پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے اثر رسوخ استمال کرنے کیلئے کہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے رچرڈ ہالبروک سے فون پر رابطہ کیا اوراسرائیلی حملے کے خلاف پاکستانیوں کے جذبات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے رچرڈ ہالبروک پر زوردیا کہ وہ پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے کردار ادا کریں ۔ اس سے پہلے اسلام آباد ائرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان لے جانے والے جہاز پراسرائیلی جارحیت کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں۔ اس معاملے پر اوآئی سی کو ہنگامی اجلاس طلب کرنا چاہیئے اور یہ معاملہ اقوام متحدہ کے فورم پربھی اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے ہم اردن،عمان،لبنان اور یورپی یونین میں سفیروں سے رابطے میں ہیں۔ ادھرصدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔