میانمار میں زلزلہ سے ہلاکتیں ہزاروں تک پہنچنے کا خدشہ 

Mar 31, 2025

ینگون (آئی این پی) میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے سے  ہلاکتیں دس ہزار سے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے 100,000 تک پہنچ سکتی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS)  کے مطابق زلزلہ سطح زمین کے بہت قریب آیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میانمار میں پچھلے 75 سالوں میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہو سکتا ہے۔ امپیریل کالج لندن کی ماہر ریبیکا بیل نے بتایا کہ یہ زلزلہ ساگائنگ فالٹ لائن پر آیا، جو 1,200  کلومیٹر طویل اور انتہائی سیدھی ہے، جس کے باعث زلزلے کا اثر بڑے پیمانے پر محسوس کیا گیا۔ اس فالٹ لائن کو کیلیفورنیا کی سان اینڈریاس فالٹ سے تشبیہ دی جا رہی ہے، جس پر اکثر تباہ کن زلزلے آتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق میانمار کی تعمیرات غیر محفوظ ہیں، اور حکومت کی جانب سے بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث زیادہ تباہی ہوئی۔ برطانوی جیولوجیکل سروے کے سائنسدان برائن بپٹی کے مطابق میانمار میں زیادہ تر عمارتیں لکڑی اور غیر مضبوط اینٹوں سے بنی ہیں، جو شدید زلزلوں کا سامنا نہیں کر سکتیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں 2.8 ملین افراد موجود ہیں، اور زیادہ تر ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ میانمار کی حکومت خانہ جنگی کے باعث پہلے ہی بحران کا شکار ہے۔

مزیدخبریں