نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) مہاراشٹرا کے شہر بیٹر کے گاؤں میں گزشتہ روز صبح ایک مسجد میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد کے فرش اور دیواروں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کی مدد سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق، دھماکہ جلیٹن سٹک کے ذریعے کیا گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص عقبی دروازے سے مسجد میں داخل ہوا اور دھماکہ خیز مواد نصب کر دیا۔گاؤں کے سرپنچ نے صبح 4 بجے واقعے کی اطلاع تالواڈا پولیس کو دی، جس کے بعد بیڈ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نوینت کنوت اور دیگر اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ حکام نے ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی اور مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ واقعہ عید الفطر سے صرف ایک دن قبل پیش آیا، جس کے باعث مقامی مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بھارت میں بی جے پی حکومت کی جانب سے وقف جائیدادوں پر قبضے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت 872,000 وقف املاک، جن کی مالیت14.22 بلین ڈالر سے زیادہ ہے، غیر قانونی طور پر ہڑپ کر لی گئیں۔ مودی حکومت نے کئی تاریخی مساجد کو شہید کر کے تجارتی مراکز میں تبدیل کر دیا ہے، جبکہ قبرستانوں پر پارکنگ لاٹس بنائے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، اجین میں 1,014 سے زائد وقف جائیدادیں یا تو سرکاری قبضے میں چلی گئیں، یا بیچ دی گئیں۔ یا مکمل طور پر مٹی میں ملا دی گئیں۔ اجین میں ہی100 سالہ پرانی مسجد کو شہید کر دیا گیا، جبکہ1985 ء کے وقف ریکارڈ کو نظر انداز کر کے حکومت نے زمین کو سرکاری جائیداد قرار دے دیا۔ اس کے علاوہ،1857 ء میں قائم ہونے والی مشہور موتی مسجد بھی سرکاری کنٹرول میں لے لی گئی۔ ماہرین کے مطابق مودی حکومت نے نہ صرف وقف جائیدادوں پر بلڈوزر چلائے، بلکہ وقف بورڈز کو ہندو سرمایہ داروں کے حوالے کر کے قانونی طور پر چوری کو "اصلاحات" کا نام دے دیا۔ مسلمانوں کے لیے اپنی مذہبی جائیدادوں کو بچانا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی یہ کارروائیاں مسلمانوں کو بے دخل کرنے اور ان کے تاریخی ورثے کو مٹانے کی ایک منظم کوشش ہے۔ بھارت میں مسلمان نہ صرف اپنے مذہبی مقامات بلکہ اپنی شناخت کے تحفظ کے لیے بھی شدید دبائو کا شکار ہیں۔
مودی سرکار وقف جائیدادوں پر قبضہ کرنے لگی: مہاراشٹرا، مسجد میں دھماکہ، 2 مشتبہ افراد گرفتار
Mar 31, 2025