لاہور(سپورٹس رپورٹر)حیدرآباد میں بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی بہن انعم کے دعوتِ رمضان ایکسپو میں فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔بھارت کی سٹار ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کی جانب سے کنگز پیلس میں دعوتِ رمضان ایکسپو کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں دو افراد کے درمیان جھگڑا اس وقت شدت اختیار کرگیا جب واقعہ کے دوران محفل میں مبینہ طور پر ایک جانب سے فائرنگ کردی گئی۔ مذکور واقعہ ہفتہ 29 مارچ کو پیش آیا، اس میں ایک شخص کو دو افراد کے درمیان جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر دو راؤنڈ فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے فائرنگ کرنے کیلئے استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔گودی ملکاپور پولیس سٹیشن کے انسپکٹر نے بتایا کہ ایکسپو میں پرفیوم شاپ کے مالک اور کھلونوں کی دکان کے مالک کے درمیان معمولی جھگڑا ہوا تھا، ان دو اشخاص کے درمیان جھگڑے میں بعدازاں سمجھوتہ ہوگیا، اس درمیان ملزم حسیب الدین نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے غیر ضروری طور پر ہوا میں دو راؤنڈ فائر کیے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ملزم حسیب الدین عرف حیدر کا نہ تو پرفیوم کی دکان کے مالک سے اور نہ ہی کھلونوں کی دکان کے مالک سے کوئی تعلق تھا۔
ثانیہ مرز ا کی بہن انعم کے دعوت رمضان ایکپسو میں فائرنگ‘ملزم گرفتار
Mar 31, 2025