وزیراعظم کی کورونا مریضوں کیلئے سہولتوں کے اعدادوشمار اکٹھا کرنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی سمیت سہولتوں کے اعدادوشمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے یہ بات منگل کے روز اسلام آباد میں موجودہ ملکی صورتحال میں صنعتی ترقی، حکومت کے اقتصادی پیکج، بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کورونا وائرس کی روک تھام اور تشخیصی سہولتوں کی فراہمی میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو موجودہ صورتحال کے ہرپہلو سے آگاہ کرنے کا عمل جاری رکھا جائے ۔انہوں نے عوام کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں امتیازی سلوک برداشت نہیں کیاجائے گا ۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان افغان مہاجرین اور بے گھر افراد کیلئے ریلیف پیکج تیار کیا جائے جو کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈائون سے بری طرح متاثر ہیں۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انسداد منشیات کے وزیر شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں مہاجرین کے 52 کیمپوں میں تقریباً اٹھائیس لاکھ پناہ گزین موجود ہیں جن میں سے 80 فیصد افراد یومیہ بنیاد پر اپنا روزگار کماتے ہیں۔