سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا
کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے کرونا وائرس کی صورت حال میں مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈان میں یومیہ اجرت سے محروم دیہاڑی دار افراد کی مدد کا طریقہ کار طے کرلیاہے۔ سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیاہے۔اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹرڈ کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکائونٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔دریں اثناء محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس کے تحت موبائل رجسٹریشن سسٹم کے تحت مستحق افراد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔خط کے متن کے مطابق ضرورت مند افراد کے ڈیٹا کی نادرا سے بھی تصدیق کروائی جائے گی، ایک خاندان کے صرف ایک ہی فرد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ تاہم بینک اکائونٹ میں 10 ہزار روپے موجود ہونے کی صورت میں اس فرد کو ضرورت مند تصور نہیں کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک ضرورت مند درخواست دہندہ کیبینک اکاونٹس کیذریعے تصدیق کرے گا۔سندھ حکومت نے مستحق افراد کی تلاش کیلیے ایف آئی اے کی مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایف آئی اے تصدیق کریگا کہ حج وعمرہ کیعلاوہ درخواست دہندہ نے بیرون ملک سفر تو نہیں کیا۔۔اس ضمن میں صوبائی وزیر سعید غنی نے بتایاکہ ہر غریب تک راشن پہنچانا ایک مشکل کام ہے، میں کرونا وائرس کی تشخیص کے باعث کام نہیں کر پا رہا، میرے ساتھ جو لوگ کام کر رہے تھے وہ بھی قرنطینہ میں چلے گئے، ہم کوشش کر رہے ہیں پہلے ضرورت مند افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیں۔