شرقپور: طالب علم کے قتل میں اشتہاری کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، مقابلہ، تھانیدار شہید
شرقپور، فیروزوالہ، شیخوپورہ (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار خصوصی) شرقپور روڈ کی آبادی جلال پور میں پولیس مقابلہ ہوا۔ اشتہاریوں کی فائرنگ سے تھانہ شرقپور کا اے ایس آئی محمد بوٹا شہید ہوگیا۔ اشتہاری فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ شرقپور پولیس کو اطلاع ملی کے قتل کے مقدمات کا اشتہاری ملزم عثمان عرف عثمانی اپنے گھر میں موجود ہے۔ جس پر اے ایس آئی چوہدری محمد بوٹا نے دیگر عملہ کے ہمراہ اشتہاری کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو اشتہاری ملزم نے ساتھیوں کی مدد سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اے ایس آئی محمد بوٹا شدید زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا، جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ شرقپور پولیس نے مقدمہ درج کرکے مفرور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقہ کی ناکہ بندی کردی اور ملزموں کی تلاش کی جارہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس پی ہیڈ کواٹر شیخوپورہ اور ڈی ایس پی سرکل فیروزوالہ شاہد اکرام سرکل نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جنہوں نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ بتایا گیا ہے کہ شرقپور پولیس کو مخبری ہوئی ہے کہ 2017ء میں طالب علم کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم عثمان گائوں جلال پور میں موجود ہے جس پر اے ایس آئی محمد بوٹا پرنس نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او غازی محمد صلاح الدین، ایڈیشنل ایس پی کیپٹن (ر) عامر خان نیازی موقع پر پہنچ گئے۔ شہید اے ایس آئی محمد بوٹا پرنس نواحی گائوں ہردیو کا رہائشی اور 6 بچوں کا باپ تھا۔ دوسری طرف شہید اے ایس آئی محمد بوٹا کی نعش پوسٹ مارٹم ہائوس منتقل کردی گئی ہے جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے سپرد کردی جائے گی۔ مقتول کی پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ہمارے پنجاب پویس کے ایک اور جوان نے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔