شہرِقائد میں صفائی ستھرائی،اب محسوس ہورہا ہے کہ پیش رفت ہورہی ہے،دو ماہ میں کچھ نہ کچھ مزید بہتری لاؤں گا:چیف جسٹس
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےپینے کےصاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب سے متعلق سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب محسوس ہورہا ہے کہ بہتری آرہی ہے۔ واٹر کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائیگا۔میرے پوسٹرز شہر میں لگانے والے ڈاکٹرز فوری ہٹادیں میری ریٹائرمنٹ کے بعد مجھے کوئی یاد بھی نہیں کرےگا۔ چیف جسٹس نےریمارکس دیئے کہ جو کچھ بھی کر رہاہوں وہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے کر رہا ہوں سارا شہر کمرشل بنادیا ہے رہائشی علاقوں میں سکون کے لئے کچھ نہیں۔سینیئرصحافی مظہر عباس نے کہا کہ آدھی کارساز روڈ نیوی نے بند کر رکھی ہے ۔سروس روڈ بحال ہوگئی تو ٹریفک کا نظام کچھ بہتر ہوجائیگا۔ جس پر چیف جسٹس نےکہا کہ سڑک کا جائزہ لینے کے بعد کھلوانے کا حکم دیتا ہوں۔ چیف جسٹس ثاقب نثٓار نے ریمارکس دیئے کہ کراچی شہر سے کچرا بھی اٹھ رہا ہے ،ساحل سمندر بھی اب صاف ہورہا ہے ،کراچی میں نالوں کی بھی صفائی شروع کردی گئی ہے۔مزید بہتری کی طرف جانے کے لئے کراچی میں روز بھی بیٹھنا پڑے تو بیٹھوں گا۔ چیف جسٹس نے مئیر کراچی اور حکومت سندھ کو کراچی شہر سے کچرا اٹھانے اور نالوں کی صفائی کا کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کےلئےملتوی کردی۔