بڑے ملتے ہیں تو اس سے مثبت نتائج کی امید رکھنی چاہئے مولانا فضل الرحمن
حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ سکتے ہیں، اللہ خواہش پورے کرے، لگتا ہے چیف جسٹس سے ملاقات میں شاہد خاقان عباسی کی دال نہیں گلی، نواز شریف کو اداروں اور منتخب شخصیات کے تقدس کا خیال رکھنا ہوگا۔ آئندہ انتخابات میں کسی کی انگلی یا انگوٹھے کا تصور کسی صورت قبول نہیں، سی پیک کے فنڈز لاہور میں استعمال کئے جارہے ہیں۔ بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی کام شروع نہیں ہوئے، جو ووٹ نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کو ملیں وہ مقدس وہی ووٹ اگر سنجرانی لے تو مقدس نہیں۔ مسلم لیگ ن اب ش لیگ بن گئی ہے۔ ایم ایم اے فعال ہوچکی ہے دیگر جماعتوں کی بھی نمائندگی رکھی گئی ہے۔ بلوچستان میں جو نئی سیاسی پارٹی بنی، اس کا مخفف ”باپ“ بنتا ہے۔ بلوچستان میں جتنے بھی باپ آئے انہوں نے کچھ نہیں دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات کو متنازعہ نہ بنایا جائے، جب بڑے ملتے ہیں تو اس سے مثبت نتائج کی امید رکھنی چاہئے۔ فاٹا جرگہ علاقے میں امن کیلئے کردار ادا کررہا ہے۔ فاٹا میں امن کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے۔ فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے حکومت نے اعلان کیا تھا فاٹا کو اس کا ترقیاتی پیکیج فوری مہیا کیا جائے۔ فاٹا میں تعلیم اور صحت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ فاٹا میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ فاٹا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے۔ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی رائے سے کیا جائے۔
فضل الرحمن / حافظ حسین